'خیبرپختونخوا کے دس اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے'

Published On 24 March,2021 03:38 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے دس اضلاع میں تمام تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔

صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ این سی او سی کے گائیڈ لائنز کے مطابق پہلے سے نوٹیفائیڈ اضلاع پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، سوات، ملاکنڈ، لوئر دیر، بشمول بونیر اضلاع میں نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کو 11 اپریل تک بند رکھا جائیگا، بونیر میں بھی کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں بند کر دی گئی ہے۔ اس طرح جن جن اضلاع میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوگا وہ بھی فوراً 11 اپریل تک بند کر دیئے جائیں گے۔

شہرام خان ترکئی نے کہا کہ یہ فیصلہ طلباء اور اساتذہ کی صحت کے پیش نظر کیا گیا ہے، طلباء اور اساتذہ کی صحت ہماری اولین ترجیح ہے، جن جن اضلاع میں سکول کھلے رکھے گئے ہیں، انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہاں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے، ہم تعلیمی اداروں کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں، اس ضمن میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔

شہرام خان ترکئی نے بورڈ امتحانات کے حوالے سے کہا ہے کہ اس سال امتحانات ضرور ہوں گے اور ہماری دعا ہے کہ امتحانات تک حالات کنٹرول میں ہوں۔
 

Advertisement