مریم نوازکا نیب پیشی پرکارکنوں کو ساتھ لانےکا اعلان، نیب نےعدالت سےرجوع کرلیا

Published On 24 March,2021 04:28 pm

لاہور: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر کارکنوں کو ساتھ لانے کے اعلان کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں نیب کی جانب سے دائر درخواست میں کہا کیا گیا مریم نواز شریف کا مجمع کیساتھ پیش ہونا انکوائری میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔

نیب نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست دائر میں نشاندہی کی ہے کہ انکوائری کیلئے مریم نواز کو نیب نے 26 مارچ کو دو کیسز میں طلب کیا ہے لیکن انہوں نے پی ڈی ایم کے کارکنوں کے ساتھ نیب میں پیش ہونے کا اعلان کیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ مریم نواز نے دھمکی دی ہے کہ وہ اکیلی نیب میں پیش نہیں ہوں گی۔ اعلان اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ مریم نواز انکوائری میں پیش ہونے کے بجائے نیب تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنا چاہتی ہیں۔ نیب نے استدعا کی کہ مریم نواز کو پابند کیا جائے کہ وہ پیشی کے وقت مجمع کیساتھ نہ آئیں۔

یہ بھی پڑھیں: جتنا انتقام ہونا تھا ہو چکا، جتنا برداشت کرنا تھا کرلیا، اب مقابلہ ہو گا: مریم نواز

ادھر مریم نواز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جتنا انتقام ہونا تھا ہو چکا، جتنا برداشت کرنا تھا کر لیا، اب مقابلہ ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ کوئی اختلافات نہیں، سیاست میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔

نون لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نیب کو نیب کے علاوہ سب چلا رہے ہیں، جتنا برداشت کرنا تھا، کرلیا۔ اب عمران خان کی حکومت مشکل میں آئی ہے، اس کی کشتی ڈوب رہی ہے، نیب کوموقع نہیں دیا جائے گا کہ عمران خان کی ڈوبتی کشتی کو بچائے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے اختلاف نہیں، سیاست میں اتار چڑھاو آتے رہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی اپنی سٹریٹیجی ہے، ہماری اپنی ہے،کچھ کامن گولز ہیں جس میں ہم پی ڈی ایم میں اکٹھے ہیں۔ بلاول سے میرا ایک اچھا تعلق ہے، میں نوازشریف کی بیٹی ہوں، رواداری کی سیاست اور انھیں نبھانا جانتی ہوں۔
 

Advertisement