مولانا فضل الرحمان کی جاتی امرا میں مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات

Published On 21 March,2021 11:08 am

لاہور: (دنیا نیوز) پی ڈی ایم کو ایک پیج پر رکھنے کے مشن پر گامزن مولانا فضل الرحمان کی جاتی امرا میں مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کی جس کے دوران استعفوں اور لانگ مارچ کے حوالے سے حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔

پی ڈی ایم میں بڑھتے اختلافات کا معاملہ، اپوزیشن اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جاتی امرا پہنچے جہاں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز اور مرکزی رہنما حمزہ شہباز سمیت پارٹی رہنماوں نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف بھی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

سیاسی بیٹھک میں پی ڈی ایم کے مستقبل کے حوالے سے مشاورت کی گئی جبکہ ملکی سیاسی صورتحال،عید کے بعد لانگ مارچ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بھی غور کیا گیا جبکہ نون لیگ نے پی ڈی ایم سربراہ کو تجویز دی کی لانگ مارچ عیدالفطر تک ملتوی کر دیا جائے۔  

قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بامقصد لانگ مارچ ہونا چاہیے،پارلیمنٹ سے استعفے دینا پی ڈی ایم کے اعلامیے کا حصہ ہے، پیپلز پارٹی کو اتحاد میں شامل رکھنا چاہتے ہیں۔

 

Advertisement