براڈ شیٹ میں بڑے لوگوں کے نام ہیں، میڈیا کو کافی کچھ ملے گا، فواد چودھری

Published On 24 March,2021 04:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی پالیسی ہے کہ تمام انکوائری رپورٹ پبلک کی جائیں، امید ہے براڈ شیٹ انکوائری رپورٹ بھی پبلک کی جائے گی۔ براڈ شیٹ میں بڑے لوگوں کے نام ہیں، میڈیا کو کافی کچھ ملے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی کہا تھا پی ڈی ایم کی گاڑی زیادہ دیر نہیں چلے گی۔ جب گاڑی کو چلانے والے اتنے زیادہ ڈرائیور ہونگے تو حادثہ تو ہوگا۔

فواد چودھری نے کہا کہ کل تک (ن) لیگ کہہ رہی تھی کہ مریم نواز کی ضمانت نہیں کرائیں گے، نیب پر پتھر ہی ماریں گے۔ تاہم خوشی ہے کہ انہوں نے قانونی راستہ اختیار کیا۔ ن لیگ آہستہ آہستہ قانون کے دائرے میں آ رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ وزارت توانائی چاہتی ہے کہ الیکٹرک وہیکل زیادہ سے زیادہ آئیں۔ دنیا کی یونیورسٹیز مقامی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں لیکن پاکستان کی ٹاپ یونیورسٹی ایسا کچھ نہیں کر رہی۔ ٹیکنالوجی کے شعبے میں چین کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں

سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا جھگڑا چل رہا ہے۔ ایک پارٹی صوبے تک جبکہ دوسری پارٹی چند اضلاع تک محدود رہ گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی سیاست اپنے بچگانہ فیصلوں کی وجہ سے اس نہج تک پہنچی۔ سیاستدان اپنا مذاق نہ بنوائیں، اپوزیشن انتخابی اصلاحات پر سنجیدگی سے بات کرے۔ مسلم لیگ ن اپنی نابالغ سیاست سے پارلیمنٹ کو قربان کرنا چاہتی ہے۔
 

Advertisement