اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں کورونا وباء میں اضافے کے پیش نظر این سی او سی کا خصوصی اجلاس آج ہو گا۔ جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں، ایس او پیز پر عملدرآمد اور اہم طبی سہولیات کا جائزہ لیا جائے گا۔
گزشتہ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ، شادی کی تقریبات، ریسٹورنٹس، تجارتی سرگرمیوں اور عوامی اجتماع میں بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں کی اطلاعات آ رہی ہیں۔ اجلاس کے ایجنڈے میں پنجاب، کے پی اور اسلام آباد میں ایس او پیز پر عملدرآمد اور اہم طبی سہولیات بشمول آکسیجن، بیڈز، وینٹی لیٹرز اور دیگر ساز و سامان کی صورتحال کا جائزہ لینا شامل ہے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 67 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 158 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 49 ہزار 824 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 468 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 10 ہزار 95، سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 355، خیبر پختونخوا میں 83 ہزار 630، بلوچستان میں 19 ہزار 453، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 990، اسلام آباد میں 55 ہزار 56 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 245 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 21 ہزار 70 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 279 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 93 ہزار 282 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 842 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 158 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 190، سندھ میں 4 ہزار 487، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 274، اسلام آباد میں 557، بلوچستان میں 205، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 342 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔