اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک کے ہر کونے تک ویکسین کی رسائی کے لئے 2 لاکھ 85 ہزار فرنٹ لائن ورکرز بھرپور طریقے سے مہم میں حصہ لیں گے، تمام پاکستانی قومی فریضہ سمجھتے ہوئے مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ کورونا وبا پر قابو پانا ہمارے لئے بہت بڑا چیلنج ہے تاہم مشکل حالات کے باوجود صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت بچوں کی قوت مدافعت میں اضافے کے لیے پولیو سمیت دوسری بیماریوں کی تدارک کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اسلام آباد میں باقاعدہ قومی انسداد پولیو مہم کے آغاز کے موقع پر آن لائن گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے باوجود رواں برس پولیو کے وائرس کے خاتمے کے لئے موزوں سال ہے، کیونکہ گزشتہ برس 2020ء میں چھ کامیاب مہمات سے بڑی حد تک وائرس پر قابو پایا گیا ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ پچھلے سال والدین کے تعاون اور فرنٹ لائن ورکرز کی بہترین کارکردگی کے باعث چھ کامیاب مہمات کا انعقاد کیا گیا۔ ان تمام مہمات میں فرنٹ لائن ورکرز کو کورونا سے بچاؤ کی خصوصی احتیاطی تدابیر کی تربیت دی گئی تھی، تاکہ ناصرف اپنے آپ کو بلکہ دوسروں کی حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر کوارڈینیٹر قومی ایمرجنسی آ پریشنز سنٹر ڈاکٹر شہزاد بیگ نے کہا کہ ہم پچھلے چھ مہینوں میں ہونے والی کامیاب مہمات کے نتائج دیکھ رہے ہیں جس کی بنیاد پر نہ صرف پولیو کیسز میں بڑی حد تک کمی ہوئی ہے بلکہ وائرس میں بھی بڑی حد تک کمی آئی ہے۔
ڈاکٹر شہزاد بیگ نے فرنٹ لائن ورکرز کی بہترین کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرنٹ لائن ورکرز اس بار بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہم میں مطلوبہ ہدف حاصل کریں گے اور اس طرح بہت جلد مکمل طور پر وائرس کا خاتمہ کردیا جائے گا۔
کوآرڈینیٹر نے مزیز کہا اب تک حفاظتی ٹیکوں اور ویکسین سے دنیا بھر میں لاکھوں زندگیاں بچائی جا چکی ہیں، حفاظتی ٹیکے اور ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے اکثر بچے خطرے میں ہوتے ہیں، پولیو ویکسین سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے، اور وہ بہتر طریقے سے وائرس کا مقابلہ کرسکتے ہیں، ایمرجنسی آپریشن سینٹر سے جاری کردہ بیان کے مطابق مہم میں پانچ سال تک کے چار کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین دینے کا ہدف ہے، فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جاکر مہم کو کامیاب بنائیں گے ، مہم میں 2 لاکھ 85ہزار فرنٹ لائن ورکرز ملک بھر کے 156 اضلاع میں کورونا احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے مہم میں حصہ لیں گے، مہم سے بچوں کی قوت مدافعت میں اضافہ ہوگا۔