اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسد عمر نے کہا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ میں تیزی سے اضافہ تشویشناک ہے، احتیاط نہ کی گئی تو کنٹرول کرنا مشکل ہو جائے گا، ہسپتالوں میں گنجائش ختم ہونے کے قریب ہے، فیصلوں پرعملدرآمد نہیں ہو رہا، صورتحال بہتر نہ ہوئی تو سخت فیصلے کرنا پڑیں گے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے میڈیا کو بریفنگ دیے ہوئے بتایا کہ کورونا وبا کا پھیلاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے، کورونا کی تیسری لہر خطرناک اور مہلک ہے، ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، برطانیہ سے آئی نئی کورونا کی قسم زیادہ خطرناک ہے، تیزی سے پھیلتی ہے، لوگوں کو اندازہ نہیں کورونا کی تیسری لہر کتنی خطرناک ہے، وبا کا پھیلاؤ صرف پاکستان نہیں پورے خطے میں ہے، بھارت، بنگلادیش میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہوا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 67 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 158 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 49 ہزار 824 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 468 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 10 ہزار 95، سندھ میں 2 لاکھ 64 ہزار 355، خیبر پختونخوا میں 83 ہزار 630، بلوچستان میں 19 ہزار 453، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 990، اسلام آباد میں 55 ہزار 56 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 245 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 21 ہزار 70 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 279 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 93 ہزار 282 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 842 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 67 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 158 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 190، سندھ میں 4 ہزار 487، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 274، اسلام آباد میں 557، بلوچستان میں 205، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 342 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔