ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ

Published On 27 March,2021 06:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں کورونا کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھنے کے بعد ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس (سی سی پی او) آفس لاہور میں اجلاس ہوا، اجلاس کی سربراہی لاہور پولیس کے سربراہ غلام محمود ڈوگر نے کی، کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان، ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ساجد کیانی، ڈی آئی جی انوسٹی گیشن شارق جمال، ڈی آئی جی حسن رضا خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا ایس او پیز کی عملدرآمد کے حوالے سے تجاویز کو زیر بحث لایا گیا۔

غلام محمود ڈوگر نےکہا کہ حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کروایا جائے، ماسک نہ پہننے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، حکومتی ہدایات کی پاسداری نہ کرنے والوں کےخلاف سخت کارروائی کا بھی حکم دیدیا گیا ہے۔

کمشنرلاہور نے ماسک پہننے کے حکم پرسختی سے عمل درآمد کا حکم دے دیا۔ کمشنر لاہور محمد عثمان کے مطابق ماسک نہ پہننے والوں کو پکڑ کرتھانے میں بند کر دیا جائے گا، ماسک نہ پہننے والوں کو چھ ماہ کی قید ہوسکتی ہے۔

  سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ شادی ہالز، پبلک مقامات پر سختی سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروایا جائے۔ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد سواریاں بٹھانے کی پابند ہیں، زائد پر کارروائی کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ بغیر ماسک سواریاں بٹھانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو بند کر دیا جائے گا۔

Advertisement