بدعنوان عناصرکو قانون کےکٹہرے میں لانےکیلئےکوششیں تیزکی جائیں:چیئرمین نیب

Published On 28 March,2021 08:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو کے چیئرمن جاوید اقبال نے نیب افسران کو کہا ہے کہ بدعنوان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور ان سے معصوم پاکستانی شہریوں سے لوٹی گئی رقم وصول کرکے قومی خزانہ میں جمع کرانے کے لئے اپنی کوششیں دوگنا کریں.

ایک بیان میں چیئرمین نیب ریٹائرڈ جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم وصول کرنے کے لئے قائم کیا گیا تھا۔ نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بالواسطہ اور بلا واسطہ طور پر 714 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کروائے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب مقدمات میں سزا کی شرح 68.8 فیصد ہے۔ پاکستان واحد ملک ہے جس نے بدعنوانی کے خاتمے کے تناظر میں تعاون بڑھانے اور سی پیک منصوبوں کی نگرانی کے لئے چین کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قومی ادارے کا کسی سیاسی جماعت، گروپ یا فرد سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ نیب کا تعلق صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ انہوں نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ نیب افسران نیب میں آنے والے تمام افراد کا احترام کریں کیونکہ نیب انسان دوست ادارہ ہے۔

 

Advertisement