آشیانہ ریفرنس: شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف ایک گواہ کا بیان قلمبند

Published On 24 March,2021 02:54 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے آشیانہ ریفرنس میں شہباز شریف سمیت دیگر کے خلاف ایک گواہ کا بیان قلمبند کرلیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب کے دو گواہوں کو اصل دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری نے ریفرنس پر سماعت کی۔ جیل حکام نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور احد چیمہ کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں نجی بینک سے تعلق رکھنے والے نیب کے تین گواہ پیش ہوئے۔

عدالت نے گواہ یاسر شفیق کا بیان قلمبند کیا جبکہ دو گواہوں کے پاس اصل دستاویزات نہ تھیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر اصل ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیا۔ عدالت نے ریفرنس پر سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی۔

عدالتی کارروائی کے بعد سابق صوبائی وزیر رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مریم نواز کو نواز شریف کی بیٹی ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، نیب ملکی حالات خراب کرنے والوں کو نوٹس جاری کرے، ہم نے تو ملکی حالات درست کیے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں سکیورٹی سخت رہی، پولیس کی بھاری نفری کو احتساب عدالت کے باہر تعینات کیا گیا۔
 

Advertisement