منی لانڈرنگ اور بدعنوانی مقدمات کی تحقیقات میرٹ اور شفافیت پر جاری ہیں، چیئرمین نیب

Published On 18 March,2021 09:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔ بدعنوانی ایک کینسر ہے جس کا واحد حل سرجری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائمز کو قانون کے مطابق نمٹانے کیلئے نیب نے اپنے پراسیکیوشن اور آپریشن ڈویثرن کو تمام ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔

تفصیل کے مطابق قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی صدارت میں نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیب کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب منی لانڈرنگ، میگا کرپشن اور وائٹ کالر کرائمز کیسز کو قانون کے مطابق شفافیت اور میرٹ پر نمٹانے کیلئے پرعزم ہے۔ معزز احتساب عدالتوں میں 1230 بدعنوانی کے ریفرنسز کی جلد سماعت کیلئے پراسیکیوشن ڈویژن کو درخواستیں دائر کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی، ان کے خلاف قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔ قوم کے تقریباً 943 ارب روپے لوٹے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کے دیگر مقدمات کی تحقیقات میرٹ اور شفافیت پر جاری ہے۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ مزید برآں ہاؤسنگ سوسائٹیوں، مضاربہ سیکنڈلز کے مقدمات کی تحقیقات کے علاوہ اشتہاری اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
 

Advertisement