نیب حکام تحقیقات کومقررہ مدت میں انجام تک پہنچائیں،چیئرمین جاوید اقبال کی ہدایت

Published On 09 March,2021 10:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ہدایت کی ہے کہ نیب حکام شکایات کی توثیق، انکوائریوں اور تحقیقات کو مقررہ مدت میں انجام تک پہنچائیں۔

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا کہ اب بڑی مچھلیوں کا احتساب کیا جاتا ہے، تمام پبلک سیکٹر محکمے پابند ہیں کہ وہ جانچ پڑتال کیلئے پچاس کروڑ یا اس سے زائد کے معاہدوں کی کاپیاں نیب کو پیش کریں۔

تفصیل کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سرکاری محکموں کی جانب سے 50 کروڑسے زائد لاگت کے منصوبوں کی تفصیلات پیش نہ کرنے کا نوٹس لیا گیا۔

چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ قانون کے مطابق کام نہ کرنے والے افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز ایسے منصوبوں کی کاپیاں جمع کروانا یقینی بنائیں۔ چیئرمین نیب نے ہدایت کی کہ حکام شکایات کی توثیق، انکوائریوں اور تحقیقات کو مقررہ مدت میں انجام تک پہنچائیں۔