لاہور ہائیکورٹ: رانا ثناءاللہ کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع

Published On 01 April,2021 01:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نون لیگی رہنما رانا ثناء کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع کر دی۔

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے رانا ثناءاللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ رانا ثناءاللہ کے وکلا نے درخواست پر دلائل مکمل کر لیے۔ نیب پراسکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ 5 مارچ 2020ء سے یہ درخواست زیر التواء ہے، نیب نے ایک بار بھی کیس ملتوی کرنے کی استدعا نہیں کی۔ ملزم رانا ثناءاللہ نے کئی بار اس کیس میں التواء مانگا ہے، نیب نے کیس کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کیلئے متفرق درخواستیں بھی دائر کیں۔ نیب پراسکیوٹر نے سماعت کو آئندہ ہفتے کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔

جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیئے کہ پیر کے روز نیب کے وکیل ہر صورت دلائل مکمل کریں، کیس سن کر فیصلہ کر دیں گے۔ عدالت نے رانا ثناءاللہ کی عبوری ضمانت میں پیر تک توسیع کر دی۔

عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے دعوی کیا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ میں اختلافات نہیں۔ پی ڈی ایم اپنی جگہ کھڑی ہے ، حکمرانوں سے جان چھڑانے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو اگر اپنے عزیزوں سے ملنے بیرون ملک جانا ہوا تو ضرور جائیں گی، حکومتی ٹولے کا علاج شروع ہو چکا، سب جانتے ہیں حکمرانوں کا علاج کیسے ہو گا۔ حکومت اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف کو دے چکی ہے۔
 

Advertisement