سیہون: (دنیا نیوز) سیہون میں درگاہ شہباز قلندر کا گیٹ توڑنے کے کیس میں پولیس نے 400 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، ایک روز پہلے مشتعل زائرین نے زبردستی درگاہ میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی۔
سیہون شریف میں کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا مزار زائرین کیلئے بند ہے۔ پابندیوں کے باوجود پنجاب سمیت ملک بھر سے زائرین سیہون پہنچے، گذشتہ روز مشتعل زائرین نے مزار کا مرکزی گیٹ ٹوڑ کر زبردستی مزار میں داخل ہونے کی کوشش کی، اس واقعے کا سیہون پولیس اسٹیشن پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
درگاہ کے سیکیورٹی انچارج سید نجف شاہ کی مدعیت میں تھانہ سیہون پر 400 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں سرکار کے کام میں مداخلت، ڈیوٹی میں خلل، توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی، آگ لگانے اور پتھراؤ کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے باوجود کسی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جبکہ پولیس و رینجرز کی بھاری تعداد میں نفری سیہون میں موجود ہے۔ درگاہ قلندر لعل شھبازؒ زائرین کیلئے مکمل طور پر بند ہے۔