لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں ماسک نہ پہننے پر 3 روز میں 23 ہزار 875 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 12 مقدمات درج کئے گئے۔
ضلعی انتظامیہ نے 50 فیصد سے زائد سواریاں بٹھانے اور کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 181 گاڑیاں بھی بند کیں۔ 16 ہزار 404 موٹرسائیکلوں، 3 ہزار 235 رکشوں اور ایک ہزار 539 کاروں کو چالان کئے گئے۔ اسی طرح ایک ہزار 589 پبلک ٹرانسپورٹ، 432 منی مزدا اور 676 ٹرالر کے چالان ٹکٹ ایشو کئے گئے۔
ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کا کہنا تھا کہ پولیس کی کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں، پولیس افسران حکومتِ پنجاب کی طرف سے جاری سمارٹ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنائیں، 24 گھنٹوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 73 مقدمات کا اندراج کیا گیا، ماسک کی خلاف ورزی پر 442 مقدمات کا اندراج کیا گیا، دیگر ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 476 مقدمات درج کیے گئے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 83 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 14 ہزار 613 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار 165 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 234 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 25 ہزار 953، سندھ میں 2 لاکھ 65 ہزار 917، خیبر پختونخوا میں 89 ہزار 255، بلوچستان میں 19 ہزار 610، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 45، اسلام آباد میں 59 ہزار 401 جبکہ آزاد کشمیر میں 12 ہزار 984 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 2 لاکھ 97 ہزار 544 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 ہزار 170 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 7 ہزار 205 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 384 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 14 ہزار 613 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 485، سندھ میں 4 ہزار 504، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 382، اسلام آباد میں 572، بلوچستان میں 209، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 358 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔