لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پنجاب میں 26 ہزار سے زائد کورونا مریض لمحہ فکریہ ہے۔ عوام کی لاپرواہی سے حالات بے قابو ہو سکتے ہیں۔
گورنر پنجاب نے یہ بات کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ کمشنر لاہور نے چودھری سرور کو پنجاب خصوصاً لاہور میں کورونا وائرس کی صورتحال بارے بریفنگ دی۔
چوہدری سرور نے عالمی وبا کے تدارک کیلئے کیپٹن (ر) محمد عثمان کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز بارے کسی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ ہسپتالوں کو مزید دباؤ سے بچانے کیلئے ایس او پیز پر 100 فیصد عمل کرنا ہوگا۔ بزنس کیمونٹی اور تاجروں سمیت سب کو کورونا کیخلاف مل کر جنگ لڑنی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے حکومتی ایس او پیز پر عملددرآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ میں خود بھی روزانہ شہر کے مختلف مقامات کے دورے کرکے اقدامات کا جائزہ لیتا ہوں۔
کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسی نیشن کیلئے 50 سے 59 سال کے افراد کی رجسٹر یشن 30 مارچ سے شروع ہو چکی ہے۔ مکمل طور پر میرٹ اور شفاف طریقے سے شہریوں کو ویکسی نیشن لگا رہے ہیں۔