پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے سے کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا۔ پشاور ڈویژن میں مثبت کیسز کی تعداد 44 ہزار سے بڑھ گئی۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر سے پشاور ڈویژن سب سے زیادہ متاثر ہے، جہاں مثبت کیسز کی تعداد 44 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ پشاور میں سب سے زیادہ 36 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف 35 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن تو نافذ کیا گیا ہے لیکن عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آ رہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
ملاکنڈ ڈویژن میں 17 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ہزارہ ڈویژن میں 11 ہزار کے قریب، مردان اور کوہاٹ ڈویژن میں 5، 5 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوچکے ہیں۔ بازاروں، مارکیٹوں اور گلی محلوں سمیت مصروف مقامات پر ایس او پیز کو مکمل طور پر نظر انداز کر دیا گیا۔