لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے ڈسکہ کے عوام جیت گئے۔ ووٹ چور، پولنگ عملہ کے اغوا کار ہار گئے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 10 اپریل کو ایک بار پھر انشاء اللہ فتح شیر کی ہوگی۔ پہلے بھی ہم نے الیکشن جیتا تھا، ڈسکہ میں پھر جیتیں گے کیونکہ عوام نے اپنے ووٹ کا پہرہ دیا، پھر دیں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں، ووٹ کی عزت ہوئی۔ الیکشن کمشن کے تاریخی فیصلے کو سپریم کورٹ نے قائم رکھا، ایسے فیصلوں سے آنے والا ہر الیکشن محفوظ ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام نے اپنے ووٹ کی حفاظت کا تہیہ کر لیا ہے۔ ہر پولنگ سٹیشن کو ووٹ کی حفاظت کا مورچہ بنائیں گے۔ ہم نے پہلے بھی عوام کی خدمت کی کیونکہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت کرنا جانتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی عوام کو دکھوں اور تکالیف سے نجات دلائی تھی، انشاء اللہ یہ خدمت آئندہ بھی ہم ہی کریں گے۔