انسداد دہشتگردی عدالت کے جج اور اہلخانہ کا قتل، پولیس نے 5 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے

Published On 05 April,2021 10:34 am

صوابی: (دنیا نیوز) کے پی پولیس نے صوابی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اور اہلخانہ کے قتل پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پشاور اور خیبر سے 5 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

ڈی پی او صوابی کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کی شناخت مقتول جج کے بیٹے ماجد آفریدی کریں گے، ایف آئی آر میں شامل دو گاڑیاں بھی ریکور ہیں تاہم شناخت پریڈ عمل کے بعد مزید تفتیش کی جائے گی۔ گذشتہ روز خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کرکے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج آفتاب آفریدی، ان کی اہلیہ اور دو بچوں کو شہید کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: صوابی میں فائرنگ: انسداد دہشتگردی عدالت کا جج، بیوی اور 2 بچوں سمیت شہید

رپورٹ کے مطابق دہشتگردی کا افسوسناک واقعہ صوابی کے قریب انبار انٹرچینج کے قریب پیش آیا۔ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جج آفتاب آفریدی کے 2 محافظ بھی زخمی ہو گئے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے صوابی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کی خاندان کے ہمراہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائیگی۔


 

Advertisement