خیبرپختونخوا میں خوراک کی معلومات اور کاروبار کے لیے خصوصی ایپ متعارف

Published On 31 March,2021 09:12 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں خوراک سے وابستہ کاروبار سے متعلق معلومات کے لیے خصوصی ایپ متعارف کروا دی گئی، صارفین خوراک سے وابستہ کسی بھی یونٹ جیسے ریسٹورنٹس،ہوٹل،جوس شاپ وغیرہ کےحوالے سے جان سکیں گے، شہری کہتے ہیں مضرصحت اشیاء فروخت کرنیوالوں کے خلاف سخت کارروائیاں بھی کی جائیں۔

خیبرپختونخوا میں اشیائے خورونوش کا معیار جاننے کے لیے ستاسو رائے کے نام سے ایک نئی ایپ متعارف کی گئی ہے جس کی مدد سے خوراک سے وابستہ کاروبار سمیت صفائی، ملاوٹ اور عممومی کارکردگی کی معلومات حاصل ہو سکیں گی۔

فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق ایپ کی مدد سے صارفین خوراک سے وابستہ کسی بھی یونٹ جیسے ریسٹورنٹ، ہوٹل، جوس شاپ وغیرہ کے حوالے سے جان سکیں گے، اسی طرح صارفین کو ملازمین کی فٹنس اور دیگرعمومی کارکردگی کے حوالے سے بھی معلومات تک رسائی حاصل ہو گی، ایپ ابتدائی طور پر پشاور میں کارآمد ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے جہاں نئی ایپ کےاقدام کو خوش آئند قرار دیا تو وہیں غیر معیاری اورمضرصحت اشیائے خورونوش کا کاروبارکرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا مطالبہ بھی کردیا۔

خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی جانب سے خوراک سے وابستہ کاروبار اور عوام میں آگاہی کے لئے تربیت، آگاہی اور مشاورت کے تین بنیادی پہلوؤں پر بھی کام جاری ہے۔
 

Advertisement