اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے ڈیجیٹل پاکستان ویژن کے تحت اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لئے انٹرنيٹ ووٹنگ پر عملدرآمد کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ای سی سی نے الیکٹرانک ووٹنگ کیلئے 28 کروڑ کے فنڈز کی منظوری دیدی ہے۔
دستاویز کے مطابق انٹرنیٹ ووٹنگ سے متعلق الیکشن کمیشن اور نادرا سے بھی مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، اٹرنیٹ ووٹنگ کے حوالے سے اقدامات کی ذمہ داری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو سونپی گئی ہے۔ انٹرنیٹ ووٹنگ کے مختلف پہلووں کے حوالے ایک جامع سٹڈی کرائی جائے گی اور اس حوالے سے ایک غیر جانبدار کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی، کنسلٹنٹ کی پیش کردہ سفارشات کی روشنی میں انٹرنیٹ ووٹنگ کے عمل کو آگے بڑھایا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق انٹرنیٹ ووٹنگ کے تکینیکی پہلووں اور شفافیت کے عمل کی نگرانی خود وزیراعظم عمران خان بھی کررہے ہیں۔ دوسری جانب انٹرنیٹ ووٹنگ کے آپریٹنگ اخراجات اور کنسلٹنسی سروسز پر آنے والے اخراجات کے لئے 28 کروڑ روپے کے فنڈز منظور کر لئے گئے۔