اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ترجمانوں کو اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم پر بات کرنے سے روکتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے بیانات پر جوابات کے بجائے حکومتی کارکردگی اجاگر کریں۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت حکومتی وزرا اور پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی موجودہ سیاسی، معاشی اور کورونا کی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہدایت شوگر مافیا کے خلاف پہلی دفعہ جامع ایکشن ہو رہا ہے۔ سٹے بازوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جا رہا ہے۔ رمضان المبارک میں عوام کو چینی سستے داموں میسر ہوگی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سٹے بازوں کے خلاف ون ونڈو آپریشن کا قانون لانے کی منظوری دیتے ہوئے میڈیا سے متعلق امور پر خصوصی کمیٹی قائم کر دی۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق کمیٹی میں وفاقی وزیر فواد چودھری، شبلی فراز، فیصل واوڈا اور یوسف بیگ مرزا شامل ہیں۔ کمیٹی حکومتی کارکردگی اور بیانیے سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کرے گی۔