'کورونا کی تیسری لہرزیادہ خطرناک،عوام ماسک پہنیں،احتیاط کا دامن نہ چھوڑیں'

Published On 04 April,2021 11:45 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر سب سے زیادہ خطرناک ہے لہذا سخت احتیاط کی ضرورت ہے۔ خدانخواستہ کورونا پھیل گیا تو لاک ڈاؤن پر مجبور ہوجائیں گے۔ عوام ماسک کا لازمی استعمال کریں۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹیلی فون کے ذریعے عوام سے براہ راست بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لوگ کورونا کی پرواہ نہیں کر رہے، یورپ نے ویکسین لگانے کے باوجود لاک ڈاؤن کر دیا ہے۔ ہم نے مکمل لاک ڈاون اس لئے نافذ نہیں کیا کہ اس سے غریب آدمی متاثر ہوتا ہے۔ اللہ پاک نے پاکستان پر خاص کرم کیا، مشکل وقت سے بچایا۔ عوام بھی تعاون کریں اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔

انہوں نے شہریوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے کام کررہےہیں، مڈل مین کی زیادہ منافع خوری مہنگائی کی بڑی وجہ ہے۔ چینی اور آٹے کی مصنوعی قلت سے قیمت اوپر جاتی ہے۔ مافیا ذخیرہ اندوزی کرتے ہیں جس سے دام بڑھ جاتے ہیں۔ پاکستان میں پہلی بار مافیاز کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، ساری توجہ مہنگائی پر ہے، کنٹرول کرکے دکھائیں گے۔۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں گیس کے ذخائر کم ہو رہے ہیں، بیرون ملک سے گیس مہنگی لے کر لوگوں کو سستے داموں فراہم کر رہے ہیں۔ ملک میں درآمد کی جانیوالی گیس اس لئے مہنگی ہے کیونکہ سابق حکومتوں نے ایل این جی کے معاہدے زیادہ ریٹس پر کئے۔ ملکی ضرورت پوری کرنے کیلئے گیس کے مزید کنویں کھود رہےہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن سے ملک تباہ ہوا، اربوں روپے آف شور اکاؤنٹس سے باہر بھیجے جاتے ہیں، لندن میں مہنگے فلیٹس خریدے جاتے ہیں۔ نوازشریف سے سات ارب کا شیورٹی بانڈ لینا تھا، عدالت نے باہر بھیج دیا۔ وزیراعظم کرپشن کے خلاف اکیلانہیں لڑسکتا، عدلیہ کو ساتھ دینا پڑتا ہے، اب سب مل کر کہتے ہیں حکومت گراؤ، یہ این آر او نہیں دیتا۔

 

Advertisement