اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اقتصادی مشاورتی کونسل کی تشکیل نو کر دی گئی ہے۔ کونسل اقتصادی استحکام اور ترقی کیلئے اصلاحات کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان اقتصادی مشاورتی کونسل کی سربراہی کریں گے جبکہ ان کی غیر موجودگی میں وفاقی وزیرخزانہ اقتصادی مشاورتی کونسل کی صدارت کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان کونسل کے چیئرمین اور وزیر خزانہ نائب چیئرمین ہوں گے جبکہ توانائی، منصوبہ بندی، نیشنل فوڈ سیکیورٹی اور اقتصادی امور کے وزراء بھی کونسل کے رکن ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کونسل میں 12 سرکاری ارکان جبکہ نجی شعبہ کے 13 اراکین اقتصادی مشاورتی کونسل کا حصہ ہوں گے۔ کونسل کے پرائیویٹ ممبران میں عابد سلہری، عارف حبیب، آصف قریشی، اعجاز نبی، فاروق رحمت اللہ، محمد علی ٹبہ، ڈاکٹر راشد امجد، سلمان شاہ، شوکت ترین اور ڈاکٹرشمشاد اختر شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سلطان الانہ، سید سلیم رضا اور زید علی محمد بھی اقتصادی مشاورتی کونسل کے پرائیویٹ ارکان میں شامل ہیں۔