ڈسکہ ضمنی انتخاب: پولنگ جاری، ن لیگ اور پی ٹی آئی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع

Published On 10 April,2021 08:07 am

ڈسکہ: (دنیا نیوز) ڈسکہ این اے 75 میں دوبارہ ضمنی انتخاب کے لئے پولنگ کا عمل جاری ہے۔ پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ پی ٹی آئی کے علی اسجد ملہی اور (ن) لیگ کی نوشین افتخار میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

 الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔ پولنگ سٹیشنز پر پولیس اور رینجرز تعینات ہے جبکہ پاک فوج سٹینڈ بائی رہے گی۔ حلقے میں کل ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 94 ہزار 3 ہے۔ حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 73 ہزار 6 ہے۔ خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 20 ہزار 997 ہے۔

این اے 75 میں 360 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، سیکیورٹی اداروں نے 47 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس، 176 کو حساس قرار دیا۔ این اے 75 کے 137 پولنگ سٹیشنز کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ نون کی امیدوار نوشین افتخار نے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈسکہ کا دورہ کیا اور پولنگ کے عمل کی نگرانی کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امید ہے سارا دن ووٹرز کو پر امن ماحول ملے گا اور پولنگ بالکل اسی طرح جاری رہے گی، انتظامیہ عوام کی جان کی حفاظت کریں، عوام بے خوف ہو کر باہر نکلیں اور ووٹ پر پہرہ دیں، ٹرن آوٹ حوصلہ افزاء ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے امیدواد اسجد علی ملہی نے گورنمنٹ گزلر کالج ڈسکہ کے پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ الیکشن میں کئے گئے انتظامات سے مطمئین ہیں، پہلے بھی پی ٹی آئی جیتے تھی اب بھی پی ٹی آئی جیتے گی، پی ٹی آئی آج بھاری اکثریت سے جیتے گی، شام کو جو بھی رزلٹ ہوا وہ ہمیں منظور ہوگا، ن لیگ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات ایک ڈرامہ ہے۔

صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے کہا کہ این اے 75 کے تمام پولنگ سٹیشنز میں ضمنی انتخاب کا شفاف انتخابی عمل پر امن طور پر جاری ہے، ووٹرز بلا خوف و خطر اپنے انتخابی حلقوں کے پولنگ سٹیشنز میں ووٹ ڈالنے آئیں، چیف الیکشن کمشنر انتخابی عمل کی خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔

غلام اسرار خان نے مزید کہا کہ متعلقہ اداروں کی طرف سے ضمنی انتخاب کے لئے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، پولنگ سٹیشنز پر رآئے دہندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں، ووٹرز کورونا سے تحفظ کے لیے ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں۔

 

Advertisement