اسلام آباد: (دنیا نیوز) سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں اختلافات شوکاز نوٹس سے شروع ہوئے، مولانا فضل الرحمان کو معاملہ سلجھانے کیلئے آگے آنا چاہیے، اگر ان سے غلطی ہوئی تو معذرت کر کے آگے بڑھا جاسکتا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سلیم مانڈوی والا نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسی پارٹی کو دوسری جماعت کو شوکاز نوٹس دینے کا حق حاصل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نیب نے پاکستان کی معیشت کا ستیاناس کر دیا، نیب کاروباری شخصیات کو کہتا ہے کہ پلی بار گین کریں، کسی ثبوت کے بغیر بندے کو گرفتار کر لیتا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو نیب کا کچھ کرنا چاہیے، نیب پر ہم قانون سازی کریں گے، نیب کا معاملہ بالکل بھی ٹھنڈا نہیں پڑا اسے آگے لیکر چلیں گے۔