لاہور: (دنیا نیوز) پولیس کا ایک اور فرزند فرض کی راہ میں جان قربان کر گیا۔ شہید کانسٹیبل محمد عمران کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عامر مجید سمیت متعدد سینئر افسران نے شرکت کی۔ کانسٹیبل محمد عمران گزشتہ روز کرول گھاٹی کے مقام پر مشتعل مظاہرین کے تشدد سے شہید ہو گئے تھے۔
محمد عمران باٹا پور کے رہائشی تھے۔ ان کے پسماندگان میں ایک بیوہ، دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہے۔ سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر اور دیگر افسران نے شہید کے ورثا سے اظہار تعزیت کی اور شہید کے اہلخانہ کے مکمل دیکھ بھال کی یقین دہانی کروائی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور غلام محمد ڈوگر کا کہنا تھا کہ شہدا ملکی سلامتی کو برقرار رکھنے کی روشن مثالیں ہیں۔ پولیس نے ہمیشہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ پر اپنی جان نچھاور کی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایسی فورس کا سربراہ ہوں جس نے ملک وقوم کی سلامتی کیلئے قربانیاں دیں۔ لاہور پولیس ایسے ہی شہیدوں کی امین ہے جن کی شہادت نے محکمے کی عزت کو چار چاند لگائے۔