حکومت اور عوام چینی صدر کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، وزیراعظم

Published On 15 April,2021 05:37 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے چینی صدر شی جن پنگ کے جلد دورہ کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور عوام معزز مہمان کی آمد کے منتظر ہیں۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں کورونا صورتحال اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے اپنے ملک سے غربت کے خاتمہ کرنے پر چینی قیادت کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان چینی ترقی کے تجربے سے بھی سبق حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔

عمران خان نے چینی سفیر کو بتایا کہ پاکستان کو اس وقت کوویڈ 19 کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔ ہماری حکومت اس سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ حکومت نے پورے ملک میں ویکسی نیشن کا وسیع منصوبہ تیار کیا ہے۔

انہوں نے سی پیک منصوبے کو دونوں ملکوں کے لئے انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے اسے تیزی سے مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ خان ملاقات میں چینی سفیر نے چینی صدر اور وزیراعظم کے پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کو دہرایا۔

چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کو کورونا کے اضافے سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن مدد کرتے ہوئے مزید ویکسین کی فراہمی کرے گا۔ چینی سفیر اس ملاقات میں وزیراعظم پاکستان کو دورہ چین کی دعوت بھی دی۔
 

Advertisement