تحریک لبیک پاکستان کالعدم قرار،وزارت داخلہ نےپابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

Published On 15 April,2021 07:39 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت داخلہ سے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997ء کے تحت تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم قرار دے دیا۔ وزارت داخلہ کی طرف سے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) پر پابندی کی سفارش کی تھی جس کی سمری وزیراعظم کو ارسال کی گئی تھی۔ تحریک لبیک پر پابندی کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے لے کر انسداد دہشتگردی ایکٹ کے تحت اس پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سمری کی منظوری کے بعد تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے ڈیکلیئریشن پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت پابندی کا ڈیکلیئریشن سپریم کورٹ پیش کرے گی۔

سپریم کورٹ کے فیصلے پر الیکشن کمیشن تحریک لبیک پاکستان کو ڈی نوٹیفائی کرے گا۔

دوسری جانب وفاقی وزرا شیخ رشید، نور الحق قادری اور علی محمد خان نے علمائے کرام ومشائخ سے اہم ملاقات کی ہے جس میں انھیں تحریک لبیک پر پابندی کے فیصلے پر اعتماد میں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسلام اپنی سوچ کو بزور طاقت مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ معاملہ افہام وتفہیم سے حل کرنے کی بہت کوشش کی لیکن ایمبولینسز اور ہسپتالوں میں آکسیجن سپلائی والی گاڑیاں روکی گئیں۔

علمائے کرام نے ملک بھر میں پرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی فرد یا گروہ اپنے نظریات حکومت پر مسلط نہیں کر سکتا۔ قانون اجازت نہیں دیتا کہ حکومتی رٹ کو چیلنج کیا جائے۔

 

Advertisement