لاہور: (ویب ڈیسک) مذہبی جماعت کے ملک بھر میں احتجاج کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال چھائی رہی جس کے باعث 100 انڈیکس میں 81.04 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مندی کی واپسی ہوئی ہے، صبح دس بجے تک انڈیکس میں کوئی ردو بدل نہیں دیکھا گیا، جبکہ غیر یقینی صورتحال کے باعث سرمایہ کاروں نے دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کیا۔ دوپہر بارہ بجے تک 12.74 پوائنٹس کی گراوٹ دیکھی گئی۔
پورے کاروباری روز کے دوران اُتار چڑھاؤ بھی دیکھنے کو ملا، ایک موقع پر انڈیکس 45447.49 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور 100 انڈیکس 81.04 پوائنٹس کی مندی کے بعد 45 ہزار 174.89 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران 8 کروڑ 55 لاکھ 59 ہزار 305 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کے 10 ارب روپے کے قریب ڈوب گئے۔