تحریک لبیک پاکستان کالعدم جماعتوں، تنظیموں کی فہرست میں شامل

Published On 16 April,2021 10:52 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) تحریک لبیک پاکستان کو کالعدم جماعتوں اور تنظیموں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔

نیکٹا نے کالعدم جماعتوں کی فہرست میں ٹی ایل پی کو 79 ویں نمبر پر شامل کیا۔ کالعدم تنظیموں کی فہرست میں شمولیت کے بعد تحریک لبیک پاکستان کو فنڈز دینے پر پابندی ہوگی، ٹی ایل پی کو خیرات، امداد دہشتگردوں کی مالی معاونت کے مترادف ہوگی۔ نیکٹا، وزارت داخلہ نے ٹی ایل پی کے اثاثوں کے تعین کیلئے چیف سیکرٹریز کو خطوط بھجوا دیئے۔ جس میں کہا گیا کہ ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے ٹی ایل پی کے اثاثوں کا تعین کیا جائے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کی شناخت کا کام جاری ہے، نادرا، سیف سٹی لاہور اور دیگر اداروں پر مشتمل خصوصی سیل قائم کیا گیا، سیل پولیس پر تشدد میں ملوث لوگوں کی ویڈیوز کے ذریعے نشاندہی کر رہا ہے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ اب تک درجنوں لوگ شناخت کرلئے گئے، ان کے خلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت کاروائی کا آغاز ہو رہا ہے، ضلعی انتظامیہ تمام تقاریر کو بھی مانیٹر کرے گی۔
 

Advertisement