50 سے 59 سال عمر کے لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ

Published On 17 April,2021 08:04 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے بدھ سے 50 سے 59 سال تک کی عمر کے لوگوں کو ویکسین لگانے کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اس بات کا فیصلہ آج اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ایک اجلاس میں کیاگیا جس کی صدارت منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر نے کی۔

اجلاس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے انہوں نے ایک بار پھر لوگوں سے کہا کہ وہ ویکسین لگوانے کیلئے اپنا اندراج کرائیں۔

دوسری طرف  کورونا وائرس سے 112 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 16 ہزار 94 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 50 ہزار 158 ہوگئی۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 976 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 64 ہزار 10، سندھ میں 2 لاکھ 71 ہزار 524، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 4 ہزار 480، بلوچستان میں 20 ہزار 760، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 174، اسلام آباد میں 68 ہزار 906 جبکہ آزاد کشمیر میں 15 ہزار 304 کیسز رپورٹ ہوئے۔


ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 10 لاکھ 72 ہزار 531 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 65 ہزار 279 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 54 ہزار 956 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 149 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 112 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار 94 ہوگئی۔ پنجاب میں 7 ہزار 333، سندھ میں 4 ہزار 544، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 832، اسلام آباد میں 631، بلوچستان میں 223، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 428 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔