اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہےکہ مسلم لیگ ن کی قیادت کا جھوٹ آنے کے بعد اب انکا رونا پیٹنا ہورہا ہے، شہباز شریف کی ضمانت نہ ہونے پر وایلا مچایا گیا، شہباز شریف کا بچنا اس لیے مشکل ہے انکے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز گل نے کہاکہ ہم عدالت اور عدالتی فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، فیصلے عدالتوں نے کرنا ہیں اور نہ ہی ہم فیصلوں پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ یہ رنگ دینا چاہتے ہیں کہ فیصلے میں کوئی تبدیلی آئی ہے۔ سب کو علم ہے کہ یہ فیصلہ ججز نے نہیں نائب قاصد نے سنایا تھا۔
انھوں نے کہا کہ شہباز شریف 1990 میں ایم این اے بنے تب انکے خاندان کے پاس 21 لاکھ روپیہ تھا، 1997سے 1998 میں وزیر اعلی بنے تو اس دوران اثاثے ڈیڑھ کروڑ ہوگئے۔ 2008 سے 2018 میں میاں بیوی بچوں کے اثاثوں کی مالیت 7 ہزار 328 ملین روپے اضافہ ہوا۔
شہباز گل نے کہا کہ ہم نے اسکا حساب کروایا تو 73 ہزار 280 لاکھ روپے بنے۔ شہباز شریف صاحب اتنا پیسہ کہاں لیکر جانا ہے۔ ان 10 سالوں میں انہوں نے کونسا ایسا کام کیا جو اثاثے اتنے ہوگئے۔ حمزہ شہباز کے 2001 میں اثاثے 1 کروڑ 80 لاکھ تھے جو 2018 میں 53 کروڑ ہوگئے۔
معاون خصوصی نے کہاکہ انھوں نے زرعی زمین سے 78 ملین روپے کی کمائی دکھائی، اب سمجھ آئی کہ یہ بڑے بڑے صنعت کار زرعی کاروبار کیوں کرتے ہیں۔ بلیک منی زرعی کاروبار میں سفید کی جاتی ہے۔
معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ضمانت دینا نہ دینا فیصلہ عدالت کا ہے، لوگوں کو غلط باتیں مت بتائیں، لوگوں کی آنکھوں میں دھول مت جھونکئے۔