لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپٹ ظل سبحانی اور جعلساز راجکماری کے چیلوں کا سرکاری افسران کو دھمکیاں دینا انتہائی قابل مذمت ہے، سرکاری افسران سے ذاتی ملازم کا کام لینے والوں کو اداروں اور افسران کا آزادانہ کام کرنا ہضم نہیں ہو رہا۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگی غنڈے کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، حکومت افسران کے تحفظ میں سب سے آگے کھڑی ہے، شرپسند عناصر کے ذریعے ڈرانے، دھمکانے نقصان پہنچانے کی پالیسی کرپٹ غنڈہ لیگ کے چہرے کا وہ بدنما دھبہ ہے جسے یہ کبھی مٹا نہیں سکتے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ادارے ہر قسم کے سیاسی دباؤ سے آزاد ہیں، اب وقت بدل چکا ہے، شرپسند ن لیگ کے جبر و تسلط کا سورج ہمیشہ کیلئے ڈوب چکا۔