حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے: فردوس عاشق

Published On 16 April,2021 10:34 am

لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بزدار حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، سہولت بازاروں کی شکل میں عوام کو سستی اشیاء خوردونوش فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔

معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ خود ساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف انتظامی سطح پر کارروائیاں جاری ہیں، گذشتہ 6ماہ کے دوران ذخیرہ اندوزوں کے خلاف 183 کارروائیاں کی گئیں، 44 گودام سیل، 17 ایف آئی آرز کا اندراج اور 2 لاکھ 76 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا، ذخیرہ اندوزوں سے 47 ہزار 627 چینی کے تھیلے، 3 ہزار 69 چاول کے تھیلے، 40 ہزار 920 کلو گرام گھی، 1 لاکھ 35 ہزار 321 لیٹر کوکنگ آئل برآمد کیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات کا محور و مرکز عام آدمی ہے، بزدار حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے، عوامی وسائل اور حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کریں گے۔
 

Advertisement