لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اشیاء کی فراہمی اور مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کر دیا گیا، وزیراعلی عثمان بزدار کی ہدایت پر عوامی سہولت کیلئے رمضان بازاروں میں اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ بزدار حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے 7 ارب روپے کا تاریخی پیکج دیا، صوبہ بھر میں 313 رمضان بازار لگائے گئے ہیں، جہاں 10 کلو آٹے کا تھیلا مارکیٹ پرائس سے 120 روپے سستا، 375 روپے میں دستیاب ہے، سستے آٹے کی فراہمی پر پنجاب حکومت 3 ارب 50 کروڑ روپے سبسڈی دے رہی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں چینی 65 روپے کلو، گھی، چکن اور انڈے مارکیٹ ریٹ سے 10 تا 15 روپے کم قیمت پر دستیاب ہیں، اشیاء کی فراہمی اور مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔