پنجاب میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں، پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا: غلام سرور خان

Published On 10 April,2021 06:43 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہاہے کہ پنجاب میں مبینہ فارورڈ بلاک نہیں ہے اور نہ ہی بنے گا۔ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھر چکا ،پی ڈی ایم اب چوں چوں کا مربہ ہے ، آج پی ڈی ایم آپس میں دست و گریباں ہے،عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلانا حکومت کا مشن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سیکرٹریٹ راولپنڈی میں ایم پی اے حاجی امجد محمود ، واثق قیوم ،چوہدری محمد افضل اور دیگر کے ہمراہ پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم استعفیٰ لینے آئی تھی، وزیراعظم تو آج بھی موجود ہیں، حالات و وقت نے بتایا کہ پی ڈی ایم مخلص نہیں، پی ڈی ایم کا کوئی وجود نہیں ہے، جے یو آئی اور ن لیگ کا ٹارگٹ پیپلز پارٹی ہے،2 پارٹیاں ایک جانب اور 2 دوسری جانب ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہاکہ الیکشن رولز اور آئین میں بھی کمی تھی، حلف نہ اٹھانے والے رکن کی بابت الیکشن رولز بالکل خاموش تھے۔ ایک منتخب شخص منتخب ہوکر حلف نہیں لیتا تو ممبر نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہاکہ انتخابی اصلاحات کے تحت انتخاب کے 60 روز تک حلف نہ لینے والا ڈی سیٹ ہوجائے گا،اسحاق ڈار تو مفرور ہیں ان کو ملک واپس آنا چاہیے۔ اس قانون کے تحت دو ارکان کی نشست جائے گی جن میں ایک کا تعلق میرے حلقہ انتخاب سے بھی ہے ۔

غلام سرور خان نے کہاکہ چوہدری نثار علی خان کو عوام نے مینڈیٹ دیا لیکن انہوں نے حلقے کی نمائندگی نہیں کی اور حلقہ اڑھائی برس سے نمائندگی سے محروم ہے ،اگر وہ حلف نہیں لیتے تو نئے الیکشن کرانے ہونگے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستان کو ریڈ لسٹ کرنے پر آواز اٹھائی گئی،پی آئی اے پر پابندی کی بنا پر چارٹر فلائٹس لی گئیں ۔

پنجاب میں مبینہ فارورڈ بلاک کے سوال پر وفاقی وزیر نے کہاکہ نہ فارورڈ بلاک ہے نہ ہی بنے گا ، جہانگیر ترین پی ٹی آئی میں ہیں ، پی ٹی آئی جس پوزیشن پر ہے اس میں جہانگیر ترین کا کردار ہے،جہانگیر ترین سے دوستی ہے، لیڈر عمران خان ہے ، خسرو بختیار، نصراللہ دریشک، پرویز الہی کو شوگر ملز کے معاملہ پر نوٹس دے دیا گیا ہے، نیب میں میرے خلاف بھی انکوائری جاری ہے، عمران خان کسی کے ساتھ امتیازی سلوک کے روادار نہیں ہیں ،علیم خان اور سبطین خان کو وزیراعظم نے کلئیر ہوکر آنے کا کہا۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کو ماضی کو نہیں بھولنا چاہیے،انہیں 2013 اور 2018 کو بھی یاد رکھنا چاہیے ۔اس موقع پر کرپشن الزامات اور اینٹی کرپشن میں طلبی بارے سوال کا جواب دیتے ہوئے ایم پی اے حاجی امجد محمود نے کہاکہ گذشتہ 25 برس سے ایک نجی سوسائٹی کے ساتھ منسلک ہوں اور ایک روپے کی بھی کرپشن نہیں کی ،عوام نے عزت دی اور مجھے ووٹ دیا ،سیاسی مخالفین الزامات لگا کر بدنام کرنے کی ناکام کوششیں کررہے ہیں ۔
 

Advertisement