لاہور (دنیا نیوز) ڈسکہ میں حالیہ دنوں پریس کانفرنس کے دوران ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کرنے پر الیکشن کمیشن پنجاب نے وزیر اعلیٰ کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق ایوان کو شو کاز نوٹس جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق فردوس عاشق ایوان نے حلقہ این اے 75 میں ضمنی انتخاب سے قبل پریس کانفرس کی اور متعلقہ حلقے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا۔
اس حوالے سے ایکشن لیتے ہوئے الیکشن کمشن پنجاب نے فردوس عاشق ایوان سے دو روز میں وضاحت طلب کی ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے پابندی کے باوجود لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق کو انتخابی حلقے کا دورہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک دن کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق حلقہ این اے 75 ڈسکہ کے ضمنی انتخابات میں پولنگ سٹیشن بوبکانوالہ پہنچے تو وہاں موجود پی ٹی آئی کارکنوں نے ایم پی اے کی گاڑی روک لی۔ کسی بھی بد مزگی سے بچنے کے لئے پولیس نے موقع پر پہنچ کر لیگی ایم پی اے ذیشان رفیق کو واپس جانے کی ہدایت کی۔
الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر لیگی ایم پی اے کو شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک دن کے اندر جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔