اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے نئے وزیر خزانہ شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے اہم ملاقات کی جس میں ملک کی معاشی اور اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں ماہر معاشیات، مالیاتی امور کے ماہرین، وفاقی وزیر حماد اظہر اور حکومتی جماعت کے سوشل میڈیا اراکین بھی موجود تھے۔ ملاقات دو روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی۔
ملاقات میں شریک افراد نے شوکت ترین سے معاشی پلان سے متعلق سوالات کئے اور ایک ٹیلی وژن انٹرویو میں حکومت کی معاشی صورتحال پر کئے گئے تبصرے پر سوال اٹھایا؟
اس کا جواب دیتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ٹی وی انٹرویو میں کہی گئی باتیں صرف موجودہ حکومت سے متعلق نہیں، کم دورانیے کے پروگرام میں معاشی صورتحال کی مکمل تفصیل نہیں بتائی جا سکی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ معاشی صورتحال پر گفتگو میں ماضی کی حکومتوں کی جانب اشارہ تھا۔
وزیراعظم نے شوکت ترین کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں انھیں 35 سالوں سے جانتا ہوں، یہ شوکت خانم ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا بھی حصہ رہے۔ معاشی معاملات میں مزید استحکام کیلئے شوکت ترین بہتر پلاننگ سے کام کریں گے۔
وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ 49 سالہ معاشی تجربہ کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ معاشی مسائل کا صرف ایک ہی حل ہے کہ جی ڈی پی گروتھ کو کم سے کم 6 سے 7 فیصد تک لانا ہو گا۔
اس موقع پر شوکت ترین سے ایک اور اہم سوال کرتے ہوئے پوچھا گیا کہ کیا گورنر سٹیٹ بینک کو تبدیل کیا جائیگا؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ رضا باقر نے بہترین اصلاحاتی کام کیا، ان کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے۔