لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ لوگوں سے بار بار درخواست کی جا رہی ہے کہ وہ عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے ویکسین لازمی لگوائیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے ڈیڑھ ارب روپے کورونا ویکسین کے لیے علیحدہ سے مختص کئے ہیں، 30 لاکھ حفاظتی ٹیکوں کی کھیپ 24 اپریل کو پہنچ جائے گی۔
یہ بات انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ صوبے میں ویکسی نیشن پروگرام بہت اچھا چل رہا ہے، سب سے پہلے ہیلتھ ورکرز کی ویکسی نیشن کی گئی، اس کے بعد 60 سال سے زائد عمر والوں کو یہ سہولت دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہسپتالوں میں سہولیات کو بہتر کیا ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں کسی مریض کو ٹیکہ باہر سے نہیں منگوانا پڑتا، ہسپتالوں میں تمام ادویات موجود ہیں۔ تاہم پرائیویٹ ہسپتالوں میں تو مریض کا خرچہ ہوگا۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ لاہور میں کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں کی تعداد زیادہ ہے لیکن ہسپتالوں میں اس وقت 20 سے 30 فیصد بیڈز خالی ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ بھارت کی نسبت پاکستان میں صورتحال بہتر ہے، وہاں مریضوں کے لیے بیڈز تک خالی نہیں ہیں۔
تعلیمی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جن بچوں کے امتحان ضروری ان کے لیے کلاسوں کو کھولا گیا، بڑی کلاسوں کے بچوں کو سکولوں میں بلایا جا رہا ہے۔ بچوں کے امتحانوں کا سال ہے، نہیں چاہتے کہ ضائع ہو جائے۔