اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت کی جانب سے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں معمر افراد کی کورونا ویکسی نیشن اب گھر پر کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق 80 سال سے زائدعمر کے شہری سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ گھر گھر ویکسی نیشن کی سہولت کا عمل چاروں صوبوں میں کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو گھر پر ویکسی نیشن کا عمل جلد شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ویکسی نیشن کیلئے مقامی محکمہ صحت سے رابطہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں نوجوانوں کی ویکسی نیشن مرحلہ وار شروع کرنے کا اعلان
دوسری جانب پاکستان میں نوجوانوں کی ویکسینیشن کا عمل مرحلہ وار شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ آئندہ ماہ ملک کی زیادہ سے زیادہ آبادی کو ویکسین کے عمل سے گزارا جائے گا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا میڈیا سے گفتگو میں حکومتی فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے۔ حکومتِ منصوبے کے مطابق ویکسین کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے سماجی فاصلے کو یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ منظم انداز میں ویکسین لگائی جا رہی ہے جبکہ حکومت شہریوں کیلئے ویکسین خرید بھی رہی ہے۔
دوسری جانب پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی صحت خدمات ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ کووڈ 19 ویکسین کی 9 لاکھ سے زیادہ خوراکیں پاکستان کو دی گئی ہیں۔ سرکاری مراکز کا انتخاب کرنے والوں کو یہ ویکسین بلا معاوضہ مل جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پچاس سال کی عمر سے زیادہ لوگوں کے لئے اندراج کا عمل شروع ہو چکا ہے جبکہ 60 سے زائد عمر کے افراد اور فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کے لئے ٹیکہ لگانے کی مہم پہلے ہی جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس عمل کو تیز کر رہے ہیں اور اسے ایک ایسے مرحلے پر لے جانا چاہتے ہیں جہاں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کو ویکسین فراہم کی جائے تاکہ وبائی امراض کو پھیلنے سے روکنے میں مدد مل سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت حکومت کی جانب سے شہریوں کو ویکسین مفت میں فراہم کی جا رہی ہے اور روسی ساختہ سپاٹونک وی ویکسین کے لئے نجی سرٹیفائیڈ ہسپتالوں میں سے بھی کچھ کو اجازت دی گئی ہے۔
ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ ویکسی نیشن کے آغاز میں لوگوں کی رجسٹریشن سست تھی لیکن اب آہستہ آہستہ لوگ آگاہ ہیں اور اپنی رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔ تقریباً78فیصد افراد سرکاری ویکسی نیشن مراکز میں اپنی رجسٹریشن کر چکے ہیں۔
ادھر لاہور کے ڈاکٹرز ہسپتال میں روسی ویکسین سپوٹنک لگانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چوتھے روز بھی شہریوں کی کثیر تعداد ویکسین لگوانے ڈاکٹرز ہسپتال پہنچی۔
مختلف مکتبہ فکر کے افراد اور اہم شخصیات نے بھی ویکسین لگوائی۔ ڈاکٹرز ہسپتال میں شہریوں کی دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک اور ویکسی نیشن سینٹر بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
دونوں ویکسی نیشن سینٹرز میں کورونا ایس او پیز کی مکمل پاسداری کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے ڈاکٹرز ہسپتال کے عملے کی مہارت اور انتظامات کو بہترین قرار دیا۔
کورونا ویکسی نیشن سینٹر کی انچارج ڈاکٹر منیبہ نے بتایا کہ بغیر رجسٹریشن اور ڈائریکٹ آنے والوں کی ویکسی نیشن نہیں کی جاتی۔ صرف رجسٹریشن کروانے والے افراد کو ویکسین دی جا رہی ہے۔ روسی ویکسین سپوٹنک کا کوئی سائیڈ ایفیکٹ سامنے نہیں آیا۔
ہسپتال کے ڈاکٹرز اور دیگر عملہ بھی شہریوں کی بہترین رہنمائی کر رہا ہے۔ ویکسی نیشن کیلئے آنے والے پہلے خود کو رجسٹرڈ کرواتے اور پھر رجسٹریشن کے مطابق مقررہ وقت پر ہسپتال آتے ہیں۔
عملے کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ ویکسین لگوائیں تاکہ خود کو اور اپنے پیاروں کو کورونا سے بچا سکیں۔