اسلام آباد: (دنیا نیوز) عالمی وبا کورونا وائرس کے بچاؤ کیلئے بنائی گئی ادویات سائنو فارم کی 5 لاکھ اور کینسینو بائیو ویکسین کی 60 ہزار خوراکوں کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ہے۔
نور خان ایئربیس پر معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے ویکسین کی خوراکیں وصول کیں۔ اس موقع پر ان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم چینی حکومت کے تہدل سے مشکور ہیں، اس نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ عوام کی زندگیوں کو بچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ حکومت ویکسین کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بناتے ہوئے عوام سے کیے وعدوں پر تیزی سے عملدرآمد کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائنوفارم کورونا ویکسین کی 5 لاکھ خوراکیں آج پاکستان پہنچی ہیں، دوسری کھیپ بھی جلد پاکستان پہنچ جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں اب تک کورونا ویکسین کی 8 لاکھ ڈوز استعمال میں لائی جا چکی ہیں۔