کراچی: (دنیا نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے رمضان المبارک کے دوران مہنگائی میں بے پناہ اضافے پر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عوام پر رحم کھاتے ہوئے اپنی ضد چھوڑیں اور استعفیٰ دے کر گھر جائیں۔
تفصیل کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے رمضان میں ہوشربا مہنگائی پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے عوام کو دیوار سے لگانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، رمضان میں کھانے پینے کی اشیا کی ریکارڈ قیمتوں نے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک اور اس کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کے بس کی بات نہیں، رمضان کے آغاز میں گھی، آٹا سمیت 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ حکومتی نااہلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مہنگائی کرنیوالے مافیا کی سرپرستی کرکے عوام سے دشمنی کر رہے ہیں رمضان میں ہر چیز کی نگرانی کے اعلان کے بعد مہنگائی میں اضافہ تشویشناک ہے۔ وزیراعظم نے جس رمضان پیکج کا اعلان کیا تھا، وہ کہیں نظر نہیں آ رہا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو سبسڈی دینے سے حکومت کی ذمہ داری ختم نہیں ہوئی، اوپن مارکیٹ میں مہنگائی آسمان کو چھو رہی ہے۔ بیشتر بچت بازاروں میں اوپن مارکیٹ سے زیادہ مہنگی اشیا فروخت ہو رہی ہیں۔ عام آدمی اہلخانہ کے لئے سبزیاں اور پھل تک نہیں خرید سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک کو قرضوں میں جھونک کر مافیاز کے حوالے کردیا۔ وزرائے خزانہ کی تبدیلی سے عوام کی تکلیفوں میں کوئی کمی نہیں آ سکتی۔ اصل ریلیف اس وقت ملے گا جب ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار نااہل حکمران گھر جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نااہل وزیراعظم دنیا کی مثالیں دینے کے بجائے بتائیں ان کی حکومت نے عوام کیلئے اب تک کیا کیا؟ ہر مہینے مہنگائی میں اضافے کی شرح خود اپنا ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ مہنگائی کے حوالے سے حکومت کےاپنے ہی اعدادوشمار اس کے کارناموں کی قلعی کھول رہے ہیں۔