اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کورونا وائرس سے متعلق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ کورونا کی تیسری لہر شدید اور خطرناک ہے۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو، چیف سیکرٹری بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان، پرنسپل سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور سیکرٹری اطلاعات سمیت اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ اجلاس میں شریک تھے۔
وزیراعلی بلوچستان نے کورونا وائرس کی تیسری لہر سے پیدا ہونے والی صورتحال اور صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اس وقت کوئی بھی مریض وینٹی لیٹر پر نہیں لیکن ہمیں ہسپتالوں میں اکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ این سی او سی کی سفارشات کی روشنی میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔ موثر انداز میں الیکٹرونک میڈیا پر کیمپئن چلائی جانی چاہیے۔
ان کا کہان تھا کہ ایئر ٹریولنگ کے دوران ویکسی نیشن لازمی اور مساجد میں ایس او پیز پر عملدرآمد اور سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔