اسلام آباد: (دنیا نیوز) نون لیگ نے این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ سو سے زائد فارم 45 پر دستخط ہی نہیں، آر او سے ڈیٹا مانگا تو انہوں نے درخواست مسترد کر دی۔
سابق وزیراعظم و پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا انتخاب ڈسکہ سے بھی زیادہ متنازعہ بن چکا، الیکشن کے روز آر او کے پاس گئے، آر او نے کہا میرے پاس تفصیلات نہیں ہیں، ہمیں فارم 45 کا ریکارڈ نہیں دیا گیا، 6 گھنٹے گزرنے کے باوجود کئی پولنگ سٹیشنز کے رزلٹ نہیں آئے تھے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ الیکشن شفاف نہ رکھا جائے تو سوال کھڑے ہوتے ہیں، 100 سے زائد فارم 45 پر دستخط ہی نہیں ہیں، ہمارے پاس جو ڈیٹا آیا ہے اس میں ووٹ زیادہ ہیں، نتائج میں بے ضابطگیاں ہیں، دوبارہ گنتی کے علاوہ حل نہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے بھی این اے 249 میں دوبارہ گنتی کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر این اے 249 میں دوبارہ گنتی کرائیں، یہ ہمارا آئینی حق ہے، قانون کے مطابق ووٹوں کا مارجن 5 فیصد سے کم ہو تو دوبارہ گنتی ہوسکتی ہے، امید ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آئین اور شفافیت کے تقاضوں کو یقینی بنائیں گے۔