اسلام آباد: (دنیا نیوز) ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیراعظم بلیک میل نہیں ہوتے، ہر معاملے پر یوٹرن لے لیتے ہیں، سرپرائز اپوزیشن کو نہیں، عثمان بزدار کو ملا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بتانے کو تیار نہیں کہ دھمکی کس نے دی ہے، وزیراعظم خط کو پارلیمان میں لانا چاہئے تھا۔ حقیقت یہ کہ خط نہیں صرف شعبدہ بازی ہے۔ واقعی مسئلہ ہے تو نیشنل سکیورٹی کمیٹی میں جا کر بتائیں کہ کس نے خط لکھا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ چند ووٹوں کی خاطر عثمان بزدار کی قربانی دی گئی،یکم سے 4 اپریل کے درمیان ووٹنگ ہونی ہے،جلد عوام کے مینڈیٹ کی حکومت وجود میں آئے گی۔ کسی کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا،ق لیگ اپنا فیصلہ کرچکی ہے، ق لیگ عمران خان کا بوجھ اٹھا کر چلےگی تو پتہ لگ جائے گا،معاشی صورتحال پرحکمرانوں نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔