سرکاری احکامات التواء میں ڈالنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں: عثمان بزدار

Published On 03 May,2021 10:10 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، سرکاری احکامات التواء میں ڈالنے والوں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزرا ء اور اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے ملاقاتیں کی، ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم، صوبائی وزیر توانائی محمد اختر ملک، ایم این اے سردار محمد خان لغاری، اراکین پنجاب اسمبلی مہندر پال سنگھ، سلیم اختر اور غلام علی اصغر شامل تھے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ماضی میں نمائشی منصوبے شروع کر کے قومی خزانہ لٹایا گیا، سابق حکمرانوں نے صوبے کے عوام کی اصل ترجیحات کو نظر انداز کیا، ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے، شو بازی کرنے کی منفی سیاست دفن ہوچکی ہے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کرپشن کرنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں، کرپٹ عناصر کی وجہ سے وطن عزیز آگے بڑھنے کی بجائے پیچھے گیا، تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کے خلاف علم بلند کیا ہے۔ 

Advertisement