ن لیگ کی درخواست منظور، این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کا حکم

Published On 04 May,2021 11:50 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ نون کی درخواست منظور کرتے ہوئے این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کا حکم دے دیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ تمام امیدوار 6 مئی کو صبح 9 بجے آر او آفس پہنچیں۔

 ن لیگ کے مفتاح اسماعیل کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے سماعت کی۔ مسلم لیگ نون نے بغیر دستخط شدہ فارم 45 کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں۔

وکیل ن لیگ نے موقف اپنایا کہ دوبارہ پولنگ کیلئے الگ درخواست دائر کریں گے، ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہمارا پہلا مطالبہ ہے، مطمئن نہ ہوئے تو دوبارہ گنتی سے آگے بھی مطالبہ کرسکتے ہیں، حتمی نتائج سے پہلے الیکشن کمیشن دوبارہ گنتی کا حکم دے سکتا ہے، تصدیق شدہ فارم 45 اور 46 نہ ہونے سے الیکشن مشکوک ہوگیا۔ 167 سٹیشنز کے فارم 45 پر دستخط نہیں، پولنگ ایجنٹس کو فارم 46 بھی نہیں ملے۔

پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ نے کہا کہ ن لیگ نے فارم 45 پر اعتراض رات ڈھائی بجے ہارنے کے بعد کیا، ٹھوس وجوہات نہ ہونے پر الیکشن کمیشن بھی دوبارہ گنتی کا حکم نہیں دے سکتا، ریٹرننگ افسر نے قرار دیا کہ ن لیگ کی درخواست غیر مناسب ہے۔

 

Advertisement