اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک قائم پاکستانی سفارتخانوں میں شہریوں کیساتھ ناروا رویہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی سفارتخانے اپنے ملک میں سرمایہ کاری لانے کیلئے سرگرم ہیں، ہمیں اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفرا سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی ترسیلات زر کی وجہ سے ملک دیوالیہ ہونے سے محفوظ رہا۔
انہوں نے بیرون ملک قائم تمام سفارتخاتوں کو ہدایات جاری کیں کہ پاکستانی قیدیوں کی مدد کے لیے وکیل اور قانونی چارہ جوئی کا انتظام کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارتخانوں کی شکایات زیادہ ہیں، ان دونوں ملکوں سے ہی ملک میں سب سے زیادہ ترسیلات زر آتی ہیں۔ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے سفارتخانوں میں کوئی نظام نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کویت میں قائم سفارتخانے میں نادرا کے عملے کی طرف سے رشوت لینے کی شکایات ہیں۔ سیٹزن پورٹل پر رشوت ستانی کی شکایت پر سفیر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔
انہوں نے سخت سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ سفارتخانے کے اندر فراڈ ہو رہا ہے لیکن سفیر کوئی کارروائی نہیں کر رہا۔ پاکستانی سفارتخانوں کی طرف سے شکایات کے ازالے کے بجائے روایتی جواب دیا جاتا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سیٹزن پورٹل کو سفارتخانوں سے لنک کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک خصوصی آفیسر تعنیات کیا جائے جو صرف شکایات کی نگرانی کرے۔