کراچی: (دنیا نیوز) این اے 249 میں دوبارہ گنتی کے معاملے پر پاکستان پیپلزپارٹی کے اُمیدوار قادر مندو خیل نے الیکشن کمیشن پر جانبداری کا الزام عائد کر دیا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پورا کمیشن ناکام ہو چکا ہے، پہلے ڈسکہ میں نا انصافی کی گئی اور اب پھر اسے یہاں دہرایا جا رہا ہے، سات جماعتیں دوبارہ گنتی کا انتظار کرتی رہیں، مگر دوبارہ گنتی کاعمل شروع نہیں ہوسکا، فارم 46 کا یہاں کوئی تعلق نہیں، الیکشن کمیشن کس کی ہدایت پر چل رہا ہے؟۔
قادرمندو خیل کا کہنا تھا کہ جہاں ن لیگ جیت رہی ہے وہاں کوئی دھاندلی کا الزام نہیں، جہاں ن لیگ ہار رہی ہے وہاں دھاندلی کا الزام لگایا جا رہا ہے، خوشاب میں دھاندلی کا الزام کیوں نہیں لگایا گیا، الیکشن کمیشن اپنے ہی کمیشن کا فیصلہ نہیں مان رہا،کیا حکم نامے میں لکھا ہے ن لیگ بائیکاٹ کرے تو گنتی نہیں ہوگی ؟ بلاول بھٹو کے حکم پر ہم نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ تسلیم کیا۔